ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : درج فہرست ذات میں دلت کوٹا کا غلط استعمال ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ ریوینیو منسٹر آر اشوک نے دلت لیڈروں کو دیا تیقن

بھٹکل : درج فہرست ذات میں دلت کوٹا کا غلط استعمال ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ ریوینیو منسٹر آر اشوک نے دلت لیڈروں کو دیا تیقن

Fri, 15 Apr 2022 21:35:53    S.O. News Service

بھٹکل 15/ اپریل (ایس او نیوز) ریوینیو منسٹر آر اشوک نے دلت لیڈروں کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ درج فہرست ذات میں دلتوں کا جو کوٹا ہے اس کا غلط استعمال ہونے نہیں دیا جائے گا ۔

انکولہ میں ایک پروگرام میں شریک ہونے کے بعد جب وزیر موصوف بھٹکل پہنچے تو دلت لیڈروں کے ایک وفد نے وزیر آر اشوک سے ملاقات کی اور انہیں اپنا دکھڑا بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع شمالی کینرا کے 'موگیر' سماج کے مچھیرے اعلیٰ ذات (گوڈ سرسوتی برہمن) سے تعلق رکھتے ہیں اور ان لوگوں نے گزشتہ 30 سال سے  ہمارے حقوق پر دن دہاڑے ڈاکہ ڈالا ہے ۔ جبکہ جنوبی کینرا میں صفائی کرمچاری کے طور پر کام کرنے والے موگیر حقیقی درج فہرست ذات سے تعلق رکھتے ہیں ۔ یہ اعلیٰ ذات سے تعلق رکھنے والے موگیر طبقہ والے ہمارے حقوق چھین رہے ہیں ۔

دلت لیڈر تلسی داس پاوسکر نے وزیر موصوف کو بتایا کہ موگیر سماج کے لوگ پچھلے کئی دنوں سے دھرنے پر بیٹھے ہیں اور حکومت نے ان کے مطالبہ پر غور کرنے کی بات کہی ہے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم اپنا حق   کسی بھی صورت  میں چھوڑنے کے لئے  تیار نہیں ہیں ۔

اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اشوک نے کہا کہ حکومت دلت کوٹا کا کسی بھی طرح غلط استعمال ہونے نہیں دے گی ۔ دستوری حقوق میں رتی برابر بھی تبدیلی کرنے کا ہمیں اختیار نہیں ہے ۔ کسی بھی ذات کو درج فہرست زمرہ میں داخل کرنے کا بھی اختیار نہیں ہے ۔ ایسے میں پھر کسی دوسری ذات کو اس میں شامل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ اس لئے اس معاملہ میں گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ اس موقع پر بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک بھی موجود تھے۔


Share: